پیر، 24-اگست،2026
پیر 1448/03/11هـ (24-08-2026م)

حج 2027: سرکاری اسکیم کے لانگ پیکیج کی صرف 18 ہزار 500 نشستیں باقی

24 اگست, 2026 09:03

حج 2027 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت درخواست دینے والے عازمین کے لیے اہم اطلاع سامنے آگئی، لانگ حج پیکیج کی نشستیں تیزی سے مکمل ہو رہی ہیں اور اب صرف 18 ہزار 500 نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کرنے کے خواہشمند افراد اپنی رجسٹریشن، کوائف اور واجبات کی ادائیگی کا عمل جلد مکمل کرلیں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ 40 روزہ حج پیکیج کا مقررہ کوٹہ مکمل ہونے کے بعد مزید بکنگ روک دی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج پاک حج موبائل ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے اپنی ادائیگی مکمل کرسکتے ہیں۔ آن لائن ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی، بینک کارڈ اور بینک چالان سمیت مختلف سہولیات دستیاب ہیں۔

حکام نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ نشستیں محدود ہونے کے باعث ادائیگی اور دیگر ضروری مراحل میں تاخیر سے گریز کریں۔

وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 700 عازمین پہلی قسط جمع کراچکے ہیں۔

صوبائی تفصیلات کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500 جبکہ خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300 عازمین نے پہلی قسط جمع کرائی ہے۔

اسی طرح اسلام آباد سے 3 ہزار 933، بلوچستان سے 2 ہزار 555، گلگت بلتستان سے 677 اور آزاد کشمیر سے 362 عازمین حج واجبات کی پہلی قسط ادا کرچکے ہیں۔

حج پورٹل کے ذریعے آن لائن ادائیگی کے حوالے سے بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے مطابق صرف تین دن کے دوران پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 40 فیصد عازمین نے ون لنک یا کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کو ترجیح دی۔

بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا رجحان سب سے زیادہ رہا، جہاں تقریباً 72 فیصد عازمین نے ڈیجیٹل طریقے سے حج واجبات ادا کیے۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین پر زور دیا ہے کہ محدود نشستوں کے پیش نظر اپنی ادائیگی اور دیگر ضروری کارروائی بروقت مکمل کریں تاکہ سرکاری حج اسکیم کے تحت ان کی نشست محفوظ ہوسکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔