گجرات میں معروف عالم دین مولانا طلحہ رضوی فائرنگ سے شہید
گجرات: پنجاب کے ضلع گجرات میں معروف مذہبی شخصیت اور عالم دین مولانا طلحہ رضوی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گجرات کے علاقے شادیوال میں پیش آیا۔ مولانا طلحہ رضوی مدرسے میں موجود تھے اور قرآن پاک کی تلاوت کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں مولانا طلحہ رضوی شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے محرکات فوری طور پر سامنے نہیں آسکے، تاہم تحقیقات میں تمام ممکنہ پہلوؤں کو شامل کیا جا رہا ہے۔