27 اگست سے بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Karachi weather forecast June heat or rain possible
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ دو روز کے دوران موسم گرم رہنے کی توقع ہے، جہاں 26 اگست کو درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں 27 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں موسم نسبتاً صاف رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں گرمی اور حبس برقرار
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے اور سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی کے باعث موسم مزید گرم اور مرطوب محسوس کیا جارہا ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 75 فیصد ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
لاہور میں بھی گرمی اور حبس کا زور
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی حبس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے لاہور میں بارش کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث شہر میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے شدید گرمی اور حبس کے دوران شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










