فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل، کشیدگی میں کمی کیلئے ایرانی صدر اور اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے آبنائے ہرمز کی بحالی اور امریکی تنازع کے حل پر بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک روزہ اہم دورہ مکمل کر لیا۔
یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں جمود کو ختم کرنے، علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کی پاکستانی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔
اپنے قیام کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل میں رہبر اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا نے ایران پر تاریخ کی سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کردیں
ان اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں کشیدگی کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات، آبنائے ہرمز کو تجارتی جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کو جلد از جلد ختم کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
دونوں فریقین نے علاقائی امن و امان کے قیام اور تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے مختلف طریقوں پر خیال کا تبادلہ کیا۔
ایرانی اعلیٰ قیادت نے تنازع کو کم کرنے، مذاکرات کو فروغ دینے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت اور مخلصانہ کردار کو بے حد سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل تہران آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











