انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کیلئے اہم خبر، ڈیٹا اینالیسز سے ہوگی جانچ

How Much Tax From July 1?
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس ریٹرنز میں غلط بیانی، جعلسازی اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے جدید ڈیٹا اینالیسز کے ذریعے ٹیکس دہندگان کی مالی سرگرمیوں اور ریٹرنز کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں ٹیکس وصولیوں، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کرائے جانے والے ریٹرنز میں کسی بھی قسم کی ہیر پھیر، غلط معلومات یا ٹیکس میں کمی کی نشاندہی کے لیے جدید تکنیکی ذرائع اور ڈیٹا اینالیسز کو استعمال کیا جائے گا۔
پی آر اے حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کی مالی سرگرمیوں اور جمع کرائے گئے ٹیکس کی درستگی کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ حقیقی ٹیکس واجبات کا تعین اور وصولی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس میں تمام علاقائی دفاتر کی جانب سے مقررہ ریونیو اہداف کے مقابلے میں حاصل ہونے والی وصولیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی شرح بہتر بنانے کے لیے نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں صوبے کے ٹیکس دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے ان شعبوں اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جہاں ٹیکس قوانین پر عملدرآمد مطلوبہ سطح پر نہیں ہورہا۔ ایسے شعبوں کے خلاف انفورسمنٹ کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔
حکام نے ان کاروباری شعبوں کی بھی نشاندہی کی جہاں سے مقررہ توقعات کے مطابق ریونیو حاصل نہیں ہورہا۔ چیئرمین پی آر اے نے متعلقہ افسران کو ان شعبوں میں ٹیکس اصلاحات اور وصولیوں کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
معظم اقبال سپرا نے کہا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت، درستگی اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے تمام علاقائی دفاتر کو اپنے مقررہ ریونیو اہداف حاصل کرنے اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










