وزیراعظم کا 100 زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو زیتون کی کاشت، جدید پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے یہ اعلان پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کے شعبے میں کسانوں، محققین اور برآمد کنندگان کی محنت قابل تحسین ہے، جبکہ صوبائی حکومتوں نے بھی زیتون کی کاشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ملک میں اس وقت تقریباً 60 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کی جارہی ہے۔
ان کے مطابق زرعی شعبے میں انقلاب لانے کے لیے کسانوں کو ضروری سہولیات، جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سال تقریباً 4 ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے۔ اگر مقامی پیداوار میں اضافے کے ذریعے درآمدی بل میں معمولی کمی بھی لائی جائے تو یہ ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔
انہوں نے پام آئل اور سورج مکھی سمیت دیگر فصلوں کی کاشت کو بھی فروغ دینے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان زراعت، ٹریکٹر سازی اور دیگر شعبوں میں تعاون موجود ہے، جسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان زیتون کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور جدید پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
شہباز شریف کے مطابق اٹلی جانے والے 100 نوجوان زرعی گریجویٹس زیتون کی جدید کاشت اور پروسیسنگ کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ اور ویلیو چین کے مختلف مراحل میں تربیت حاصل کریں گے، تاکہ وہ وطن واپس آکر ملکی زرعی شعبے میں اپنی مہارت کو بروئے کار لاسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیاری زیتون کے تیل کی پیداوار سے نہ صرف مقامی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ مستقبل میں برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
ان کے بقول زراعت کے شعبے میں جدید طریقوں کو فروغ دے کر پاکستان خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ میں کمی لاسکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










