جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے امدادی رقم کا نیا نظام

27 اگست, 2026 10:15

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے امدادی رقوم کی ادائیگی کے نظام میں اہم تبدیلی کردی گئی ہے۔

بی آئی ایس پی نے مالی امداد کی ادائیگی کا نظام مرحلہ وار ڈیجیٹل والٹس پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

نئے نظام کا مقصد مستحق خواتین کو امدادی رقم کی وصولی میں آسانی فراہم کرنا، ادائیگیوں کو شفاف بنانا اور انہیں طویل قطاروں اور غیر ضروری سفری مشکلات سے بچانا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی زونل آفس 501 کا دورہ کیا، جہاں انہیں نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

روبینہ خالد نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کے نظام کے بعد مستحق خواتین کو امدادی رقم وصول کرنے کے لیے دور دراز علاقوں سے سفر کرنے یا طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

نئے نظام کے تحت امدادی رقم مستحق خاتون کے ڈیجیٹل والٹ میں منتقل کی جائے گی، جس کے بعد اسے ایس ایم ایس کے ذریعے رقم منتقل ہونے کی اطلاع دی جائے گی۔ خواتین اپنی سہولت کے مطابق متعلقہ بینکوں اور دیگر بینکاری ذرائع سے رقم نکلوا سکیں گی۔

بی آئی ایس پی کے مطابق ڈیجیٹل والٹ پر مبنی ادائیگیوں کا ملک گیر آغاز جولائی 2026 میں کیا گیا۔ اب تک 80 لاکھ سے زائد مفت بینظیر سمز مستحق خواتین میں تقسیم کی جاچکی ہیں، تاکہ وہ اپنے ڈیجیٹل والٹس فعال کرسکیں۔

نئے ادائیگی نظام کا ایک اہم مقصد امدادی رقوم میں غیر مجاز کٹوتیوں کا خاتمہ اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔ اس نظام کے ذریعے خواتین کو اپنی مالی امداد پر زیادہ اختیار بھی حاصل ہوگا۔

ڈیجیٹل ادائیگی نظام میں انٹرآپریبلٹی کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت مستحق خواتین مختلف بینکاری ذرائع کے ذریعے اپنی امدادی رقم تک رسائی حاصل کرسکیں گی۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق تقریباً 90 لاکھ خواتین کے اکاؤنٹس کھولنے اور ادائیگیوں کی پروسیسنگ کا عمل ایک ہی مرحلے میں مکمل کیا گیا ہے، جو ملک میں مالی شمولیت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

روبینہ خالد نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے اس وژن کو آگے بڑھانا ہے جس کے تحت مستحق خواتین کو مالی معاونت عزت اور احترام کے ساتھ فراہم کی جائے۔

بی آئی ایس پی ملک کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام ہے۔ اس کے کفالت پروگرام سے ایک کروڑ سے زائد خاندان مستفید ہورہے ہیں، جبکہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ بچے تعلیمی وظائف حاصل کررہے ہیں۔

ڈیجیٹل والٹ کا نیا نظام لاکھوں خواتین کو باقاعدہ بینکاری نظام سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی امدادی رقم تک زیادہ آسان اور بااختیار رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔