گھر بیٹھے 10 ہزار روپے مالی امداد، پنجاب حکومت نے درخواست دینے کا طریقہ بتا دیا

پنجاب پولیس نے غیر قانونی افغان تارکین وطن کی اطلاع دینے والوں کے لیے انعام کا اعلان کر دیا
پنجاب میں ضرورت مند شہریوں کے لیے گھر بیٹھے 10 ہزار روپے تک مالی امداد حاصل کرنے کا طریقہ سامنے آگیا ہے، جہاں صوبائی حکومت نے ہنگامی مالی معاونت کے لیے ’مریم کو بتائیں‘ کے نام سے نیا سوشل پروٹیکشن پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ایسے شہریوں کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے جنہیں ہنگامی حالات میں مالی مدد کی ضرورت ہو۔
اہل درخواست گزاروں کو درخواست جمع کرانے کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر امداد فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں بیک وقت دو سطحوں پر کام جاری ہے۔ ایک جانب پائیدار ترقی کے منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب ضرورت مند افراد کے لیے فوری ریلیف کے مختصر مدتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
’مریم کو بتائیں‘ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند شہری گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ٹول فری نمبر 1000 پر کال کرکے نمائندے کی مدد سے درخواست کا عمل مکمل کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ شہری گوگل پلے اسٹور سے ’مریم کو بتائیں‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے آن لائن درخواست بھی جمع کراسکتے ہیں، جس کے لیے درخواست گزار کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
پروگرام کے لیے پنجاب کے رہائشی افراد اہل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ایسے افراد بھی درخواست دے سکتے ہیں جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، رمضان نگہبان یا کسی دوسرے سرکاری امدادی پروگرام میں رجسٹرڈ نہ ہوں۔
اہلیت کے لیے یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ درخواست گزار کے خاندان کا PSER سروے اسکور 35 یا اس سے کم ہو۔ حتمی امداد پروگرام کے مقررہ اہلیت کے معیار اور تصدیق کے بعد فراہم کی جائے گی۔
اہل درخواست گزار کو امدادی رقم حاصل کرنے کے لیے اس کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر JazzCash کے ذریعے پن کوڈ موصول ہوگا۔ پن کوڈ موصول ہونے کے بعد شہری قریبی JazzCash دکان پر جاکر کوڈ فراہم کرکے 10 ہزار روپے تک کی مالی امداد وصول کرسکے گا۔
حکام کے مطابق جن افراد کا JazzCash اکاؤنٹ موجود نہیں، وہ بھی اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لے کر متعلقہ JazzCash دکان سے امدادی رقم وصول کرسکتے ہیں۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ’مریم کو بتائیں‘ پلیٹ فارم کے ذریعے ہنگامی حالات میں مستحق شہریوں تک مالی امداد تیزی سے پہنچانے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








