میر رضا قتل کی تحقیقات، جوڈیشل کمیشن کا 30 دن میں حقائق سامنے لانے کا اعلان

کراچی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے چیئرمین جسٹس عمر سیال نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران جسٹس عمر سیال نے کہا کہ کمیشن کی کارروائی شفاف ہوگی اور کسی بھی معلومات کو چھپایا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص کارروائی دیکھنا چاہے، وہ کمیشن میں آکر اسے دیکھ سکتا ہے۔
چیئرمین کمیشن کے مطابق تحقیقات مکمل کرنے کے لیے کمیشن کو 30 دن کی مدت دی گئی ہے اور اس دوران حتمی نتائج تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کا بنیادی مقصد حقائق سامنے لانے کے ساتھ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا بھی ہے۔
جسٹس عمر سیال نے بتایا کہ کیس سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد سے رابطے کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کمیشن کا آفیشل ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا جائے گا۔ اہم اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
کمیشن نے اس مقام پر نوٹس آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی جہاں سے میر رضا کی لاش ملی تھی۔ سندھ حکومت کو کیس سے متعلق پولیس افسران اور ڈاکٹرز کی فہرست سمیت اب تک جمع کیے گئے تمام شواہد اور متعلقہ معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وکیل جبران ناصر نے کمیشن کو کیس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میر علی رضا 28 جولائی کی صبح تقریباً 4 بجے گھر سے روانہ ہوئے تھے۔
ان کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں میر رضا کو زندہ دیکھا گیا، جبکہ اگلے روز 29 جولائی کو صبح 11 بج کر 50 منٹ پر ان کی لاش مسجد خضرہ کے قریب سے ملی۔
جبران ناصر نے بتایا کہ گھر سے روانگی کے تقریباً 11 گھنٹے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ مقتول کا پوسٹ مارٹم ان کے والد کی موجودگی میں ڈاکٹر اسامہ نے کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نرسری کے ملازمین یاسر اور قیصر کی نشاندہی پر میر رضا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس پر جسٹس عمر سیال نے نرسری کے دونوں ملازمین، ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرنے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین کمیشن نے میر حسین علی کو بھی کیس کے ابتدائی تین دنوں سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ سندھ حکومت کے فوکل پرسن نے مطلوبہ دستاویزات اور ریکارڈ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کمیشن نے مقدمے کے تفتیشی افسر سراج لاشاری کو بھی تحقیقات میں معاونت کے لیے طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کی مزید سماعت منگل کو صبح 11 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر میر رضا کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









