میر رضا کے قتل کے خلاف شارع فیصل پر احتجاج، 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج

کراچی میں شہری میر رضا کے قتل کے خلاف شارع فیصل پر احتجاج کرنے والے افراد کے خلاف فیروز آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، جس میں 20 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں فیروز آباد تھانے میں درج کیا گیا۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مظاہرین نے احتجاج کے دوران شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس حکام کے مطابق شارع فیصل کراچی کی اہم شاہراہ ہے جہاں احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے بڑی تعداد میں شہری مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔
پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ شارع فیصل کو بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میر رضا کے قتل کے خلاف احتجاج کے پیش نظر شارع فیصل کے نرسری کے مقام پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے، جس میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی احتجاج کے دوران سڑکوں کی مکمل بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔
دوسری جانب میر رضا کے قتل کے معاملے پر احتجاج کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ وہ انصاف کے حصول اور مقتول کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ واقعے کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










