پمز اسپتال نرسری سانحہ : قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مذمتی قراردادیں منظور، تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ

پمز اسپتال نرسری آتشزدگی سانحے کی گونج پارلیمنٹ تک پہنچ گئی، جہاں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے الگ الگ مذمتی قراردادیں منظور کر لیں۔
اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے نومولود بچوں کی ہلاکت کے المناک سانحے کی گونج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں تک پہنچ چکی ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران جہاں جاں بحق بچوں اور ان کے غمزدہ اہلخانہ کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی، وہاں انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت پر اپوزیشن نے سخت احتجاج کیا۔
دونوں ایوانوں نے واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مذمتی قراردادیں پاس کیں اور معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک بھی کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔
قومی اسمبلی میں وزراء اور اپوزیشن اراکین نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عوام کو اس سانحہ کے بارے میں حقائق سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے، اس لیے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کو لازمی پبلک کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پمز اسپتال آتشزدگی پر ایران، برطانیہ، سعودی عرب اور چین کا گہرے دکھ کا اظہار
سینیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پمز اسپتال کسی کو علاج فراہم کرنے کے قابل نہیں رہا اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہر سانحے کے بعد کمیٹی بنا دی جاتی ہے اور کچھ دن بعد ہم واقعے کو بھول جاتے ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آگ لگنے کے وقت بچوں کے پاس کوئی موجود تھا یا نہیں؟ اپوزیشن اراکین نے کہا کہ اگر وفاقی دارالحکومت میں اسپتالوں کی یہ حالت ہے تو باقی ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔
قومی اسمبلی میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پمز واقعہ سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک پیش کی جو منظور کر لی گئی۔
وزیر قانون نے تجویز دی کہ دونوں ایوانوں کی الگ کمیٹیوں کے بجائے ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، جو اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی مشاورت سے قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پمز سانحہ کو ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے گا اور کسی بھی ذمہ دار سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ آج رات تک عباسی کمیٹی کی رپورٹ آ جائے گی جبکہ دوسری کمیٹی پمز کے معیار کی جانچ کے لیے اظہر کیانی کی سربراہی میں کام کر رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











