جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

یو اے ای جاب ویزا کے لیے پاکستانیوں پر نئی شرط عائد، پولیس کلیئرنس لازمی

28 اگست, 2026 12:30

متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواست کے عمل میں نئی اہم شرط عائد کردی گئی ہے، جس کے تحت درخواست گزاروں کے لیے پولیس کلیئرنس یا پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے ویزا کی درخواست کے ساتھ پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی شرط عائد کی ہے، جس کا اطلاق 20 جولائی 2026 سے ہوگیا ہے۔

نئی ہدایت کے تحت یو اے ای میں ملازمت کے لیے ویزا درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان میں متعلقہ اتھارٹی سے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد مذکورہ سرٹیفکیٹ کی متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق بھی کرانا ضروری ہوگی۔

حکام نے یو اے ای میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرلیں۔ پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ بروقت حاصل کرنے اور اس کی تصدیق کرانے سے درخواست کے عمل میں ممکنہ تاخیر اور پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ملازمت کے خواہشمند افراد کے علاوہ لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی نئی دستاویزی شرط کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا اور دیگر سفری دستاویزات کی بروقت تکمیل انتہائی اہم ہے۔ نئی شرط کے بعد یو اے ای جاب ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کو دیگر ضروری کاغذات کے ساتھ پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور اس کی سفارتی تصدیق کا مرحلہ بھی مکمل کرنا ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔