ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ، مقامی سطح پر تیار ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات کا مشاہدہ

29 اگست, 2026 10:14

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں دفاعی پیداوار، برآمدی امکانات اور مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے فوجی سازوسامان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران انہیں پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں، مقامی سطح پر فوجی سازوسامان کی تیاری اور دفاعی مصنوعات کی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے جانے والے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو پی او ایف کو ایک جدید کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مقامی پیداوار بڑھانے اور موجودہ دفاعی مصنوعات کو جدید بنانے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی سطح پر پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دفاعی صنعتی صلاحیتوں میں اضافے اور ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدی امکانات کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔