ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

ای او بی آئی پنشن میں مزید اضافے کے لیے اہم پیش رفت

29 اگست, 2026 11:30

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں مزید اضافے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ انہوں نے پنشن میں ممکنہ اور فوری اضافے کے لیے ادارے کو مالی گنجائش اور دستیاب فنڈز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ای او بی آئی ترجمان کے مطابق پنشن میں اضافے کا معاملہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس ایکٹ 1976 کے سیکشن 21 کے تحت پنشن فنڈ کی مالی پوزیشن اور ایکچوریل جائزے کے نتائج سے مشروط ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی کوششوں کے نتیجے میں اگست 2025 میں ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، جس کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد کم از کم ماہانہ پنشن 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 11 ہزار 500 روپے کردی گئی تھی۔

پنشن میں اضافے کے بقایاجات کی مد میں بھی اربوں روپے پنشنرز کو ادا کیے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق یہ اضافہ تقریباً ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد کیا گیا تھا۔

قانون کے مطابق پنشن میں اضافے کے معاملے پر تین سال کے اندر غور کیا جاسکتا ہے، تاہم اس کے لیے پنشن فنڈ کی مالی پوزیشن اور ایکچوریل صورتحال کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

ای او بی آئی پنشنرز کو درپیش مشکلات کے پیش نظر وفاقی وزیر نے ایک سال کے اندر ہی پنشن میں مزید اضافے کا معاملہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی۔ 28 جولائی 2026 کو ہونے والے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس میں ای او بی آئی فنڈ کی ایکچوریل ویلیوایشن کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔

ایکچوریل ویلیوایشن پنشن کی شرح میں کسی بھی تبدیلی سے قبل قانونی طور پر ضروری مرحلہ ہے۔ اس جائزے کے ذریعے پنشن فنڈ کی مالی پائیداری اور مستقبل کی ذمہ داریوں کا اندازہ لگایا جائے گا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تاہم پنشن میں مزید اضافے کا حتمی فیصلہ ایکچوریل ویلیوایشن مکمل ہونے، اس کی سفارشات اور قانونی و ادارہ جاتی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد ہی کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ای او بی آئی بورڈ کو مالی گنجائش اور فنڈز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ پنشن میں ممکنہ اضافے کے لیے دستیاب وسائل کا جائزہ لیا جاسکے۔

ای او بی آئی ترجمان نے پنشنرز اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پنشن میں اضافے سے متعلق صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی نوٹیفکیشنز اور غیر مصدقہ دعوؤں سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری سالک حسین سے قبل ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا عمل نسبتاً سست رہا اور عام طور پر تین سال کے وقفے کے بعد پنشن میں اضافے پر مشاورت کی جاتی تھی۔ موجودہ اقدام کے تحت ایک سال کے اندر دوبارہ پنشن میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ مالی اور ایکچوریل جائزے کے بعد ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔