ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

خیابان بخاری جھگڑا؛ ڈمبل کے ذریعے مریم علی رضا کے تشدد کی شکار نور العین کی ویڈیو سامنے آ گئی

29 اگست, 2026 11:33

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان بخاری کے ایک رہائشی فلیٹ میں خواتین کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے معاملے میں مبینہ تشدد کا شکار نور العین کی نئی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں نور العین کو زخمی اور خوف زدہ حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔

نور العین کے مطابق واقعے کے دوران انہیں چوٹیں آئیں اور ان کی ناک، منہ اور آنکھ پر زخم آئے، جبکہ ان کے بال بھی نوچے گئے۔ متاثرہ خاتون کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے کی نوعیت اور اس میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے کردار پر مزید سوالات اٹھ رہے ہیں۔

یہ واقعہ 21 اگست کو ڈیفنس کے خیابان بخاری میں واقع ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا تھا۔ سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خواتین کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی دیکھی گئی، جبکہ موقع پر پولیس اہلکاروں کی موجودگی بھی نظر آتی ہے۔

واقعے کے بعد ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا، جس میں ایک فریق کی جانب سے دوسرے فریق پر الزامات عائد کیے گئے۔

دوسری جانب متاثرہ خاندان نے بھی واقعے کے حوالے سے پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔

معاملے نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں پولیس اہلکار ایک نوجوان کو اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور سرکاری گاڑی کے استعمال سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے کی انکوائری کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے کے اندراج کی وجوہات اور کیس کے تمام حقائق کا جائزہ لیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران موقع پر موجود اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی اور اگر کسی مرحلے پر جانبداری یا بے ضابطگی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق واقعے کا پس منظر اور فریقین کے درمیان تنازع بھی تحقیقات کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کے تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے حقائق کا تعین کیا جائے گا۔

خیابان بخاری واقعے کی نئی ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد شہری حلقوں کی جانب سے بھی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے میں ملوث افراد اور پولیس کے کردار سے متعلق حقائق واضح ہوسکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔