مریم نواز کی چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اب ڈیٹا، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدت کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
چین میں انٹرنیشنل بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ چلنا ناگزیر ہے، جبکہ پنجاب کے نوجوان صوبے کا سب سے قیمتی ڈیجیٹل اثاثہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صوبے کو پاکستان کا اگلا بڑا ڈیجیٹل مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ڈیٹا کے مؤثر استعمال، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا مستقبل کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور پنجاب ڈیجیٹل معیشت کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل انقلاب عالمی معیشت کی سمت تبدیل کر رہا ہے، اس لیے پاکستان بھی جدید ٹیکنالوجی کو معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ان کے مطابق چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے لیے پنجاب میں کاروباری شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے زرعی شعبے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ صوبہ ایک بڑی زرعی مارکیٹ ہونے کے ساتھ ملک کے لیے اہم غذائی مرکز کا کردار ادا کر رہا ہے۔ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔
بعد ازاں مریم نواز نے گوئیانگ میں پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، بگ ڈیٹا اور معاشی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گوئیژو اور پنجاب کے درمیان تکنیکی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











