ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

نئے بجلی کنکشنز کی فراہمی کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کرنے کا فیصلہ

29 اگست, 2026 10:07

نئے بجلی کنکشنز کے حصول کا عمل آسان بنانے اور شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیراعظم کے چیمبر میں واپڈا کے امور سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہریوں کو درپیش مسائل اور بجلی کے نئے کنکشنز کے حصول سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ حمزہ شہباز نے واپڈا انتظامیہ کو عوامی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نئے بجلی کنکشنز کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ شہریوں کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حمزہ شہباز نے ٹرانسفارمرز اور بجلی کی دیگر تنصیبات سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے تجویز دی کہ عوامی شکایات اور مسائل کے فوری حل کے لیے قومی اسمبلی کے تمام حلقوں میں واپڈا کے فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو اپنی شکایات کے حل کے لیے مؤثر رابطہ فراہم کیا جاسکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ بجلی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔