ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ، شہریوں کو اہم انتباہ جاری

29 اگست, 2026 10:20

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر ہونے والے فراڈ سے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے مشکوک اور غیر حقیقی ملازمت کی پیشکشوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بیورو کی جانب سے جاری ہدایات میں شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کے جعلی مواقع کی شناخت کے لیے چار اہم انتباہی علامات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اگر کسی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں غیر معمولی طور پر زیادہ تنخواہ کی پیشکش کی جائے تو شہری محتاط رہیں۔ اسی طرح معمولی نوعیت کی ملازمت کے لیے غیر معمولی طور پر زیادہ رقم یا فیس طلب کرنا بھی فراڈ کی علامت ہوسکتی ہے۔

بیورو نے کہا کہ اگر کوئی کمپنی یا ادارہ شہری کی جانب سے ملازمت کے لیے درخواست دیے بغیر خود رابطہ کرے، انٹرویو لیے بغیر ملازمت کی پیشکش کرے یا کسی باقاعدہ ای میل رابطے کے بغیر بھرتی کا دعویٰ کرے تو ایسی پیشکش کو مشکوک سمجھا جائے۔

حکام نے شہریوں کو کمپنی کی ویب سائٹ اور دیگر تفصیلات کی مکمل تصدیق کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ اگر ویب سائٹ غیر حقیقی معلوم ہو، تصدیق شدہ معلومات دستیاب نہ ہوں یا کمپنی کا مکمل پتہ اور دیگر تفصیلات فراہم نہ کی گئی ہوں تو ملازمت قبول کرنے سے قبل ضروری تحقیق کی جائے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی پراسیسنگ فیس ادا کرنے یا پاسپورٹ جمع کرانے سے پہلے متعلقہ کمپنی، ملازمت اور بھرتی کے عمل کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مشکوک یا غیر حقیقی ملازمت کی پیشکشوں پر فوری اعتماد نہ کریں اور کسی بھی فرد یا کمپنی کو رقم، پاسپورٹ یا دیگر ذاتی دستاویزات فراہم کرنے سے پہلے تمام معلومات کی تصدیق کریں۔

بیورو نے واضح کیا کہ محتاط رویہ اختیار کرکے شہری بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر ہونے والے فراڈ اور مالی یا ذاتی نقصان سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔