خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز

تنخواہ دار ملازمین کیلئے شکنجہ مزید سخت کردیا گیا
خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ حتمی منظوری کی صورت میں اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف فرائض انجام دینے والے خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس دینے سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے پولیس کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی تھیں۔ اب ہارڈ ایریاز کی نشاندہی کرکے متعلقہ اضلاع کی تفصیلات بھی وفاقی حکومت کو بھجوائی جائیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق صوابی اور ہزارہ ڈویژن کے علاوہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دینے کی تجویز دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کیے جانے کے بعد حتمی منظوری حاصل ہونے کی صورت میں ہارڈ ایریا الاؤنس اور تنخواہوں سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مجوزہ اقدام کے تحت خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی توقع ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے سے متعلق پہلا خط مارچ 2025 میں وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا تھا۔
خیبرپختونخوا پولیس اس سے قبل بھی دہشت گردی کے خلاف مسلسل فرائض انجام دینے اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہوں کے فرق کو بنیاد بناتے ہوئے ہارڈ ایریا اسٹیٹس دینے کا مطالبہ کرچکی ہے۔
حکام کے مطابق ہارڈ ایریا اسٹیٹس کا مقصد دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں فرائض انجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو اضافی مالی مراعات فراہم کرنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










