پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

خیابان بخاری جھگڑا؛ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی شناخت ہوگئی

31 اگست, 2026 14:01

کراچی: ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں پیش آنے والے جھگڑے کے معاملے میں موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکار ضلع کورنگی اور مددگار ون فائیو کورنگی میں تعینات ہیں۔

پولیس نے ان اہلکاروں کو واقعے سے متعلق وضاحت اور بیان کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ آفس طلب کیا تھا، تاہم مقررہ وقت پر دونوں اہلکار پیش نہیں ہوئے۔

حکام کے مطابق واقعے سے متعلق دونوں خاندانوں کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا تھا، لیکن تاحال دونوں خاندانوں کی جانب سے بھی پولیس کے سامنے پیش ہوکر اپنا مؤقف ریکارڈ نہیں کرایا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ایس ایس پی کورنگی سے متعلقہ اہلکاروں کی مکمل تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں تاکہ واقعے کے وقت ان کی موجودگی اور کردار سے متعلق مزید تحقیقات کی جاسکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر طلب کیے جانے کے باوجود اہلکار پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیابان بخاری میں ہونے والے جھگڑے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے پر مختلف سوالات اٹھائے گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران ویڈیو میں موجود تمام افراد اور واقعے سے جڑے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقائق واضح ہوسکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور تمام متعلقہ افراد کے بیانات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔