منگل، 1-ستمبر،2026
منگل 1448/03/19هـ (01-09-2026م)

او جی ڈی سی، بیکر ہیوز میں معاہدہ، پرانے اثاثوں سے پیداوار بڑھانے کا منصوبہ

01 ستمبر, 2026 19:30

اسلام آباد، یکم ستمبر: پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے امریکی انرجی ٹیکنالوجی کمپنی بیکر ہیوز کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد پرانے اور قدرتی طور پر پیداوار میں کمی کا شکار تیل و گیس کے اثاثوں سے پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت بیکر ہیوز کی جانب سے ’’مچیور ایسٹس سلوشنز‘‘ متعارف کرائی جائیں گی، جن کے ذریعے قائم شدہ تیل و گیس فیلڈز میں پیداوار بڑھانے کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

او جی ڈی سی کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب کمپنی کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی، جس میں اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد اور امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں او جی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک سمیت دونوں کمپنیوں کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔

معاہدے کے تحت بیکر ہیوز اپنی تکنیکی مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مربوط صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے او جی ڈی سی کو پرانے اثاثوں میں پیداوار بڑھانے کے مواقع کی نشاندہی اور تکنیکی و آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرے گی۔

او جی ڈی سی کے مطابق یہ شراکت داری کمپنی کی جامع پروڈکشن آپٹیمائزیشن مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد موجودہ پیداواری اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔

اس موقع پر احمد حیات لک نے کہا کہ او جی ڈی سی تیل و گیس کی پیداوار بہتر بنانے اور ملک کی توانائی سلامتی مضبوط کرنے کے لیے عالمی معیار کے سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بامعنی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ منصوبے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد سے او جی ڈی سی کے پرانے اثاثوں سے پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد نے کہا کہ شراکت داری مقامی تیل و گیس کی پیداوار زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی اور پاکستان کی توانائی سلامتی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے معاہدے کو پاک امریکا توانائی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی معاشی سلامتی کی بنیاد ہے اور او جی ڈی سی اور بیکر ہیوز کے درمیان تعاون پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھائے گا۔

بیکر ہیوز کے گلوبل ڈائریکٹر مچیور ایسٹ سلوشنز طارق عبدالفتاح نے کہا کہ تعاون دونوں اداروں کے مشترکہ مقاصد کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے نئے استعمال کے امکانات تلاش کرنے میں مدد دے گا۔

او جی ڈی سی کے پاس 18 بڑے مچیور اثاثے ہیں، جن میں 12 آئل فیلڈز اور 6 گیس و کنڈینسیٹ فیلڈز شامل ہیں۔

کمپنی کے مطابق وہ اس وقت یومیہ 40 ہزار بیرل سے زائد خام تیل، 815 ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ قدرتی گیس، 780 میٹرک ٹن ایل پی جی اور 80 میٹرک ٹن سلفر پیدا کر رہی ہے۔

او جی ڈی سی پاکستان کی مجموعی تیل پیداوار میں تقریباً 49 فیصد، گیس کی پیداوار میں 28 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 34 فیصد حصہ رکھتی ہے۔ کمپنی کے ملک بھر میں پیداواری فیلڈز کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق بیکر ہیوز کے ساتھ شراکت داری کا مقصد موجودہ اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا، مقامی تیل و گیس کی پیداوار بڑھانا اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔