پیر، 21-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

نادرا نے پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کا نیا ورژن جاری کردیا، اہم نئی سہولتیں متعارف

02 ستمبر, 2026 09:29

نادرا نے پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.7.4 جاری کردیا ہے، جس میں شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے شناختی خدمات کو مزید آسان بنانے کے ساتھ متعدد نئی سہولتیں متعارف کرائی گئی ہیں۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی کے مطابق نئے ورژن میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے متعلق شکایات آن لائن درج کرانے، فیملی ریکارڈ میں نام شامل کرنے، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹل سہولت سمیت اہم فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

نئے فیچرز میں ایف آئی اے سے متعلق علیحدہ سیکشن بھی شامل ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد شہری پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے اپنے مسائل سے متعلق شکایت درج کرا سکیں گے اور اس کی پیش رفت بھی آن لائن ٹریک کر سکیں گے۔ اس سہولت کے باعث شکایت درج کرانے کے لیے ایف آئی اے کے دفتر یا متعلقہ اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ایپ کے نئے ورژن میں فیملی ریکارڈ کی درستگی اور تکمیل کے عمل کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔ اگر کسی فرد کا شناختی کارڈ موجود ہے لیکن اس کا نام خاندان کی فہرست میں شامل نہیں تو شہری پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کے ذریعے اسے فیملی ڈیٹا میں شامل کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں۔ ضروری معلومات اور دستاویزات فراہم کرنے کے بعد درخواست منظور ہونے کی صورت میں متعلقہ فرد کو فیملی کمپوزیشن میں شامل کرلیا جائے گا، جس کے بعد نئے ریکارڈ کے مطابق فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔

اگر متعلقہ فرد کا شناختی کارڈ نہیں بنا ہوا تو اس کا نام ایف آر سی میں شامل کیا جاسکتا ہے، تاہم ایسی شمولیت صرف اسی ایف آر سی تک محدود ہوگی اور نادرا کے مستقل فیملی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے گی۔

نادرا نے دستخط اپ لوڈ کرنے کے عمل میں بھی بہتری کی ہے۔ نئے ورژن میں آسپیکٹ ریشو کراپنگ کی سہولت شامل کی گئی ہے، جس کے ذریعے دستخط اسکرین کے عین درمیان نہ ہونے یا ان کا سائز چھوٹا ہونے کی صورت میں ایپ انہیں خودکار طور پر فوکس کرکے کراپ کرے گی۔ اس اقدام سے دستخط اپ لوڈ کرتے وقت کٹنے یا خراب ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔

پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں پہلے سے دستیاب اہم سہولتوں میں جانشینی سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی شامل ہے۔ شہری ایپ کے ہوم پیج پر موجود متعلقہ آئیکون کے ذریعے سکسیشن سرٹیفکیٹ یا لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ نادرا کے مطابق یہ عمل چند منٹ میں مکمل کیا جاسکتا ہے، جبکہ اس حوالے سے تفصیلی رہنمائی ویڈیو نادرا کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہے۔

نئے ورژن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل شناختی دستاویز کی سہولت بھی اہم پیش رفت ہے۔ نادرا کے مطابق شناختی کارڈ، نائیکو یا پاکستان اوریجن کارڈ کی درخواست منظور ہونے کے بعد پرنٹ شدہ دستاویز کی وصولی تک انتظار کی ضرورت کو کم کرنے کے لیے ڈیجیٹل ریکارڈ اور ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل قوانین کے تحت شناختی دستاویز کی پرنٹنگ اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد اس کی ڈیجیٹل شکل پاک آئیڈینٹیٹی ایپ میں دستیاب ہوگی۔ یہ سہولت پاکستان یا بیرون ملک سے جمع کرائی گئی درخواست، دونوں صورتوں میں حاصل کی جاسکے گی۔

نادرا کے مطابق متعلقہ اداروں کو ڈیجیٹل شناختی دستاویزات اور ڈیجیٹل آئی ڈی کی قانونی حیثیت اور قبولیت سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے، تاکہ شہری شناخت کی تصدیق کے لیے ان سہولتوں سے استفادہ کرسکیں۔ یوں پاک آئیڈینٹیٹی ایپ کا نیا ورژن شناختی خدمات کو مزید ڈیجیٹل، تیز اور شہریوں کے لیے قابل رسائی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔