برطانیہ کی یونیورسٹی فیس کی آڑ میں ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، چار ملزمان کے خلاف مقدمہ

Good news has arrived for Pakistanis living in the United Kingdom
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانیہ کی ایک یونیورسٹی کی فیس بینکنگ چینل کے ذریعے بھجوانے کی آڑ میں مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ نیٹ ورک چلانے والے چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کرنسی بینکنگ سرکل اسلام آباد نے انکوائری نمبر 75/2024 مکمل ہونے کے بعد چار ملزمان حمزہ فیصل، عابد حسین بٹ، عزیر قریشی اور محمد مبشر کے خلاف مقدمہ نمبر 42/2025 درج کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ دفعہ 406 پاکستان پینل کوڈ (PPC) جبکہ فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ (FERA) 1947 کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم محمد مبشر کو گرفتار کرلیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق چاروں ملزمان نے مبینہ طور پر باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندہ اسد علی ولد منظور حسین، ساکن بحریہ ٹاؤن راولپنڈی سے 56 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ رقم شکایت کنندہ کے بیٹے شبیہ الحسن کی لنکاسٹر یونیورسٹی، برطانیہ کی فیس جمع کرانے اور اسے بینکنگ چینل کے ذریعے منتقل کرنے کے نام پر حاصل کی گئی تھی۔
تاہم تحقیقات میں مبینہ طور پر یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے رقم قانونی بینکنگ ذرائع کے بجائے غیر قانونی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے ذریعے منتقل کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے کے مطابق لنکاسٹر یونیورسٹی کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رقم جمع کرانے والے شخص سے متعلق معلومات طلب کی گئیں، تاہم اس حوالے سے مطلوبہ معلومات دستیاب نہ ہوسکیں۔ بعد ازاں اپریل 2024 میں یونیورسٹی کی جانب سے رقم نامعلوم ذریعے کو واپس کردی گئی۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق انکوائری کی تکمیل کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ کیس کی مزید تفتیش سب انسپکٹر حسن انجام دیں گے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے واضح کیا ہے کہ ہنڈی حوالہ نیٹ ورک اور غیر قانونی مالیاتی لین دین میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ادارے کے مطابق غیر قانونی ذرائع سے رقم کی منتقلی کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










