پنجاب میں کار اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کی فیس کتنی ہے؟

لاہور: پنجاب میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے لیے کار اور موٹر سائیکل کے ڈرائیونگ لائسنس کی مقررہ فیسوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق قانون کے تحت موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی ہے۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا ہے۔ لائسنس کے لیے سب سے پہلے لرنر پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے، جس کے بعد مقررہ مدت مکمل ہونے پر متعلقہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر میں تھیوری اور عملی امتحان دینا ہوتا ہے۔
امتحان میں کامیابی کے بعد مقررہ فیس جمع کرانے پر مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
ستمبر 2026 میں ایک سالہ کار ڈرائیونگ لائسنس کے لیے مجموعی فیس 1,980 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میں 150 روپے ٹیسٹ فیس، ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد 1,350 روپے لائسنس فیس اور 480 روپے کوریئر چارجز شامل ہیں۔
موٹر سائیکل کے ایک سالہ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ فیس 50 روپے، ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد 450 روپے جبکہ کوریئر چارجز 480 روپے مقرر ہیں۔ اس طرح موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کی مجموعی فیس 980 روپے بنتی ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس کی سخت جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ درست ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر کمرشل گاڑیوں کو پنجاب کی سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق رواں ماہ پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد شہریوں کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق اس دوران 3,400 سے زائد ریگولر کمرشل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس مال بردار اور مسافر گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ڈرائیور کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










