پیر، 21-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

02 ستمبر, 2026 10:30

اسلام آباد: بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان نے سعودی عرب میں مقیم اور وہاں جانے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں، جن میں سعودی قوانین کی پابندی اور مختلف قانونی خلاف ورزیوں سے بچنے پر زور دیا گیا ہے۔

جاری ہدایات کے مطابق پاکستانی شہری اپنا پاسپورٹ کسی آجر یا کفیل کے حوالے نہ کریں، کیونکہ پاسپورٹ ذاتی دستاویز ہے۔ پاسپورٹ ضبط کیے جانے کی صورت میں متعلقہ پاکستانی سفارتخانے یا قونصل خانے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستانیوں کو اقامہ یا ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں قیام سے بھی گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کفیل کی اجازت کے بغیر کسی دوسرے فرد یا ادارے کے لیے کام کرنے، غیر قانونی ایجنٹوں یا دلالوں پر اعتماد کرنے اور غیر مجاز طریقے سے کسی دوسرے ملک میں داخل ہونے کی کوشش سے بھی منع کیا گیا ہے۔

حکام نے خواتین کو ہراساں کرنے، نازیبا رویے اور کسی بھی غیر اخلاقی سرگرمی سے مکمل اجتناب کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح عوامی مظاہروں، ہڑتالوں اور غیر مجاز اجتماعات میں شرکت نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں حساس سرکاری اور سیکیورٹی تنصیبات کی تصاویر بنانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عوامی مقامات پر سیاسی معاملات یا حساس موضوعات پر غیر ضروری بحث سے اجتناب کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

شراب، منشیات اور جوا سعودی عرب میں ممنوع ہونے کے باعث پاکستانی شہریوں کو ان سرگرمیوں سے مکمل طور پر دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر منشیات سے متعلق جرائم پر سخت سزاؤں کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔

سعودی عرب سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ادویات ساتھ لے جانے سے قبل متعلقہ قوانین، اجازت ناموں اور نسخے کی ضروریات کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ممنوعہ اشیا اور مذہبی اشتعال انگیز مواد ساتھ لے جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے حکومت یا شاہی خاندان کے خلاف مواد شیئر کرنے، مذہب یا مقدس شخصیات کے بارے میں توہین آمیز مواد پھیلانے، فحش مواد نشر کرنے اور کسی شخص کی اجازت کے بغیر اس کی تصویر یا ویڈیو آن لائن شیئر کرنے سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

اس کے علاوہ ہنڈی یا غیر قانونی ذرائع سے رقم منتقل کرنے، منی لانڈرنگ، مشکوک مالی لین دین اور جعلی دستاویزات کے استعمال سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے۔

ٹریفک قوانین کی پابندی پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔ شہریوں کو گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال نہ کرنے، سرخ سگنل کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بغیر اجازت ٹیکسی یا کرایے کی گاڑی چلانے کے کاروبار سے بھی اجتناب کرنے کا کہا گیا ہے۔

عوامی مقامات پر تھوکنے، کوڑا پھینکنے یا گندگی پھیلانے سے گریز، جبکہ رمضان المبارک کے دوران سرعام سگریٹ نوشی نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ کسی شخص پر جھوٹا الزام لگانے یا ہتک عزت سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے بھی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے۔

حکام نے غیر قانونی مذہبی تبلیغ یا کسی شخص کو مذہب تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششوں سے بھی گریز کرنے پر زور دیا ہے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر سزا اور قانونی کارروائی جرم کی نوعیت اور متعلقہ قانون کے تحت مختلف ہوسکتی ہے۔ اس لیے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں اور وہاں سفر کرنے والوں کو مقامی قوانین اور سرکاری ہدایات کی مکمل پابندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔