پنجاب میں خواتین کیلئے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری

Interest-Free Loans Announced for Businesses
پنجاب میں خواتین کاروباری افراد اور ہنرمندوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی بلاسود قرض اسکیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اسکیم کے تحت خواتین کو کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لیے 5 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ نے خواتین کاروباری افراد اور ہنرمندوں کے لیے اس قرض اسکیم کی منظوری اپنے 137ویں اجلاس میں دی۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کی۔
منظور شدہ اسکیم کا مقصد خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شامل کرنا اور انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے یا پہلے سے جاری کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے 50 کروڑ روپے کے ریوالونگ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے تحت نئے کاروبار شروع کرنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک جبکہ موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لیے 50 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
بورڈ اجلاس میں حافظ آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خانیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ مجوزہ صنعتی اسٹیٹس کے لیے زمین کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں گوجرانوالہ میں صنعتی پارک کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی غیر ضروری جائیدادوں کی نیلامی کے شیڈول کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ مری میں ہینڈی کرافٹس ڈویلپمنٹ سینٹر کی نیلامی اور جدید ہینڈی کرافٹس شاپ کے لیے متبادل جگہ خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں صنعتکاروں اور چیمبرز آف کامرس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، جبکہ خواتین اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی معاونت کے لیے بلاسود قرض اسکیمیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
چوہدری شافع حسین کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی آسان کاروبار فنانس اسکیم سے بھی صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔ نئی قرض اسکیموں کے ذریعے خواتین اور دیگر کاروباری افراد کو اپنے کاروبار مضبوط بنانے اور معاشی طور پر خودمختار ہونے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









