انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے، محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔
لاہور میں ’قومی پالیسی مکالمہ‘ کے عنوان سے جاری تقریب میں خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ایک ماہ 5دن پہلے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی تھی، کچھ لوگوں نے میری گفتگو کو حکومت اور کچھ نے سیاسی نظام سے جوڑا، میرا اشارہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کی طرف نہیں تھا، کوئی کمپنی ٹھیک نہیں چل رہی ہو تو بہتری کیلئے سب مل کر بیٹھتے ہیں، 79 سال میں نتائج نہ ملیں تو نظام کو ری سیٹ کرنا ضروری ہے، ری سیٹ کا مطلب نظام کو توڑنا نہیں، غلط چیز کو درست کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی ڈھانچے کی بہتری کا کام آئین میں رہ کر کرنا ہے، عوام انتظامی یونٹس کے حق میں ہیں تو انہیں ہر صورت بننا چاہیے، عوام کی رائے کو اہمیت دینا ضروری ہے، انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے، 79 سال بعد نظام کی ازسر نو تشکیل ضروری ہے، ہمیں ماننا پڑے گا ری سیٹ کی ضرورت ہے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بات ہو تو سب اعتراض کرتے ہیں، ہم تحصیلوں، ڈویژنز کیلئے تیار ہیں، ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر کہتے ہیں یہ نہیں بننے چاہئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا، آج 55فیصد پاکستانیوں کو صاف پانی نہیں مل رہا، ملک کی عدالتوں میں 20لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں، میں صوبہ اسلام آباد کا سب سے بڑا حامی ہوں، اسلام آباد کے شہریوں کو این ایف سی کا ایک روپیہ نہیں مل رہا، سی ڈی اے اپنی زمینیں بیچ کر شہر کا نظام چلا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کیا اسلام آباد کے شہری پاکستان کے عوام نہیں ہیں؟ اسلام آباد صوبہ بن رہا ہے تو سب کو مل کر خیر مقدم کرنا چاہیے، کیپٹل سٹیز کے علاوہ باقی شہر کیوں اس طرح ترقی نہیں کر پائے؟ بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو 70فیصد سے زیادہ نہیں دیکھ سکا، ہم آبادی بڑھا کر فنڈز لینے کا انتظار کرتے ہیں، بتائیں اس نظام کو ری سیٹ ہونے کی ضرورت ہے یا نہیں؟ جو میئر بن کر آتا ہے وہ بہتر حکومت چلا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مرضی کرلیں اب ممدانی اور صادق خان جیسے لوگ آئیں گے، نوکری پر رہوں یا نہ رہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا، نئے صوبوں کے معاملے پر سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عوام ہیں، ایک شہر میں بیٹھ کر پورا صوبہ چلانا ممکن نہیں، قائد اعظم نے فرمایا تھا مسلمان صوبائیت کی بیماری سے نجات حاصل کریں، آج ہم قائد اعظم کے اقوال کو پیچھے رکھ کر صوبائیت کا نعرہ لگارہے ہیں، صوبوں پر بحث زبان،نسل اور برادری کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہتر حکمرانی اور مؤثر نظام کیلئے حکومت کو عوام کے قریب لانا ہوگا، جنوبی یا شمالی پنجاب بننے کے بعد بھی میں پنجابی ہی رہوں گا، نئے انتظامی یونٹس سے مقامی تاجروں کو سہولت ملے گی، سیاسی جماعتیں ہمیشہ انصاف دہلیز پر فراہم کرنے کا نعرہ لگاتی ہیں، نئے صوبوں میں عدالتوں سے انصاف کی فراہمی آسان ہوجائے گی، عوام کے پیسے پر عوام کا حق ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











