ہفتہ، 5-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/03/23هـ (05-09-2026م)

اسلام آباد: سانحہ پمز کے ذمے داران کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

05 ستمبر, 2026 13:57

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذمہ دار قرار دیے گئے معطل افسران کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پمز انتظامیہ کے معطل 8 افسران کے خلاف فوجداری کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ذمہ دار افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش کی تھی۔

معطل کیے گئے افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام 8 معطل افسران کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کے لیے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے بھی 8 معطل افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی باضابطہ سفارش کردی ہے۔

پمز میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی، جس کے بعد معطل افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ فوجداری کارروائی بھی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

حکام کی جانب سے آئندہ مراحل میں مقدمات کے اندراج اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے متعلق قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں گے۔ واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔