خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ افغان سرحد پر دراندازی ناکام بنا دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 3 ستمبر سے 5 ستمبر کے درمیان خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں ایک بڑی کارروائی کی تھی، جہاں چھپے ہوئے مزید 10 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد وہاں ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کا قلات میں آپریشن، فتنتہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد جہنم واصل
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا گیا، جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور فوری کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور مزید 7 خوارج کو مار گرایا۔ اس کے علاوہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی مشترکہ کارروائیوں میں مزید 4 خوارج ہلاک کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے ان واقعات نے پاکستان کے اس مؤقف کی ایک بار پھر تائید کر دی ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنے خطے سے سرحد پار ہونے والی دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








