بدھ، 9-ستمبر،2026
منگل 1448/03/26هـ (08-09-2026م)

بیرسٹر گوہر کا علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا مطالبہ

07 ستمبر, 2026 14:53

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سندھ یا کسی دوسرے صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وفاق کمزور ہوگا، انہوں نے بانی سے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی ملاقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا دن مقرر ہے اور انتظامیہ کو چاہیے کہ ان سے سیاسی قیادت اور فیملی کی ملاقاتیں بلا تعطل کروائی جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کی بانی سے ملاقات انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے معاملے پر محمود خان اچکزئی کے وزیراعظم کو لکھے گئے خط کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

سیاسی مذاکرات اور ملکی یکجہتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات اب تک صرف پیشکش کی حد تک محدود رہے ہیں، حالانکہ اس معاملے پر واقعی پیش رفت ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کے علاج اور اسپتال منتقلی کا معاملہ، دوسری توہینِ عدالت کی درخواست دائر

بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سندھ دورے پر عوام کی جانب سے شاندار استقبال پر سندھ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود عوام کا نکلنا ثابت کرتا ہے کہ وہ موجودہ اسٹیٹس کو کو مسترد کرتے ہیں۔

دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس مسئلے پر پوائنٹ اسکورنگ یا سیاسی بیانات دینے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشت گردی سے متعلق بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے متعصبانہ قرار دیا اور ان سے معافی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ نکلتا ہے اور اس مسئلے پر سویلینز اور مسلح افواج قربانیاں دے رہی ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے خبردار کیا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کی مرضی کے بغیر سندھ یا کسی دوسرے صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وفاق کمزور ہوگا، اس لیے جلد بازی کے بجائے اٹھارویں ترمیم کی طرز پر پارلیمان میں وسیع مشاورت کی جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔