اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی، ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کا بھی اعلان

07 ستمبر, 2026 14:30

کراچی: وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ویکسی نیشن سے متعلق نئی پالیسی متعارف کرانے کا اعلان کردیا، جس کا مقصد مسافروں کی صحت سے متعلق اسکریننگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور ویکسی نیشن ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا، جہاں بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو روانگی سے قبل ضروری ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بین الاقوامی سفر کے حوالے سے تجویز کردہ ویکسین لگوانا ضروری ہوگا۔ مسافروں کی سہولت کے لیے ایئرپورٹس پر ہیلتھ اور نادرا کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں ویکسی نیشن اور متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں کے ساتھ پاکستان آنے والے مسافروں پر بھی زور دیا کہ وہ سفر سے قبل تمام مطلوبہ ویکسین مکمل کرلیں۔

انہوں نے بالخصوص حج اور عمرہ پر جانے والے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ گردن توڑ بخار یعنی میننجائٹس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا درست اور قابلِ قبول سرٹیفکیٹ لازمی اپنے ہمراہ رکھیں۔

نئے نظام کے تحت انفلوئنزا، میننجائٹس اور پولیو سمیت مختلف بیماریوں کے ڈیجیٹل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے مسافروں کے ویکسی نیشن ریکارڈ کی تصدیق کا عمل زیادہ آسان، تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی حکومت نے شہریوں کے طبی ریکارڈ کو قومی شناختی کارڈ نمبرز سے منسلک کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیر صحت کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کے جامع ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈز مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ویکسی نیشن اور ہیلتھ ریکارڈ کے نظام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ انتظامی یا حکومتی تبدیلیوں کے باوجود اس نظام کا تسلسل قائم رہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔