اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس متعارف، ہارڈ کاپی ساتھ رکھنے کی ضرورت ختم

07 ستمبر, 2026 10:00

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو جدید بنانے کے لیے پولیس نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد شہریوں کے لیے ہر وقت لائسنس کی ہارڈ کاپی ساتھ رکھنا ضروری نہیں ہوگا۔

خیبرپختونخوا ٹریفک پولیس کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے متعلقہ ایپ پر شناختی کارڈ نمبر درج کرکے چند لمحوں میں اپنا ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

ٹریفک پولیس نے پشاور میں تعینات اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون پر موجود ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کو قابل قبول قانونی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ اس طرح دورانِ سفر صرف ڈیجیٹل لائسنس پیش کرنے کی صورت میں شہری کو محض ہارڈ کاپی موجود نہ ہونے پر جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ٹریفک پولیس کے نظام میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید نظام کے ذریعے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس تک رسائی مزید آسان اور سہل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سہولت سے ٹریفک سے متعلق خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ نئے نظام کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔

نئے ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس نظام کو صوبے میں ٹریفک خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور شہریوں کے لیے سرکاری سہولیات تک رسائی آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔