سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت، نیٹ میٹرنگ درخواستوں کا اسٹیٹس آن لائن چیک کرنے کی سہولت

Important news has emerged regarding solar net metering
اسلام آباد: سولر صارفین کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت شہری اب اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی حیثیت آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی چیک کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام میں منتقلی سے متعلق 11 ہزار 695 زیر التوا درخواستوں پر کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیر التوا تھیں۔ ان میں سے 11 ہزار 695 صارفین سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (PITC) نے پیغامات اور واٹس ایپ کے ذریعے براہ راست رابطہ کیا۔
حکام کے مطابق صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی تازہ ترین حیثیت متعلقہ آن لائن پورٹل پر چیک کرسکتے ہیں، جس سے انہیں درخواست کی پیش رفت سے متعلق معلومات براہ راست حاصل ہوسکیں گی۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کی جلد پراسیسنگ یا کسی بھی مرحلے پر سہولت حاصل کرنے کے لیے کسی فرد یا ایجنٹ کو کوئی فیس ادا نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق صارفین سے براہ راست رابطے کا بنیادی مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔ درخواستوں کی تصدیق کا مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام بھی ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔ ان کے مطابق حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے ایک شفاف، مؤثر اور پائیدار نظام تشکیل دینا چاہتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق درخواستوں کی آن لائن نگرانی اور صارفین سے براہ راست رابطے کے اقدامات سے نظام میں شفافیت بڑھانے اور شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










