سعودی ورک ویزا اور اقامے کا جھانسہ، کراچی میں 2 ملزمان گرفتار

Saudi Package Visa Launched
کراچی: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کا ورک ویزا اور اقامہ دلوانے کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق دونوں ملزمان کو شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے ایک شہری سے اس کے بھائی کے لیے سعودی عرب کا ورک ویزا اور اقامہ دلوانے کے عوض 7 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے تھے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق رقم وصول کرنے کے باوجود ملزمان نے شہری کو نہ تو وعدے کے مطابق سعودی عرب کا ویزا اور اقامہ فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ شہری کی شکایت پر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 223/2026 درج کی گئی تھی، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے گوجرہ میں بھی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے مبینہ گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم افضل ندیم نے اپنے روپوش ساتھی جاوید اقبال کے ساتھ مل کر 18 شہریوں کو سعودی عرب میں روزگار فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور فی کس 5 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔
حکام کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت اور ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے رقم وصول کرنے کے ان واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










