بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

یو اے ای میں پاکستانیوں کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ کی سہولت شروع

09 ستمبر, 2026 10:15

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے پنجاب میں زمین اور جائیداد کے سرکاری ریکارڈ تک رسائی آسان بنا دی گئی ہے۔

اب اوورسیز پاکستانیوں کو پنجاب کے اراضی ریکارڈ سے متعلق بعض خدمات حاصل کرنے کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کا آغاز کردیا ہے۔ یہ سہولت ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل کے دفاتر میں دستیاب ہوگی۔

نئی سروس کے تحت دونوں پاکستانی مشنز میں زمین کی ملکیت کے ریکارڈ سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام سے ان پاکستانیوں کو خاص طور پر فائدہ ہوگا جن کی پنجاب میں زمین یا جائیداد موجود ہے اور انہیں اپنے اراضی ریکارڈ سے متعلق دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔

دونوں مشنز میں ’’فرد‘‘ کے اجرا کی سہولت بھی شروع کردی گئی ہے۔ فرد زمین کی ملکیت سے متعلق اہم سرکاری دستاویز ہے جس میں متعلقہ اراضی کے ریکارڈ کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔

حکام کے مطابق بیرون ملک پنجاب لینڈ ریکارڈ کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو آسان، شفاف اور قابل رسائی سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس سے انہیں زمین اور جائیداد سے متعلق معاملات کے لیے پاکستان کے سفر کی ضرورت کم ہوگی۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سرکاری خدمات کو ان کے قریب پہنچانے اور ڈیجیٹل سہولت کاری کو فروغ دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

جو شہری اس سہولت سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے یا دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل کی 24 گھنٹے دستیاب ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ شہری دفتری اوقات میں متعلقہ پاکستانی مشنز کا دورہ کرکے پنجاب لینڈ ریکارڈ سروسز کے طریقہ کار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔