پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز بورڈ میں پیش

Government Approves 35% Salary Raise
پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز قومی ایئرلائن کے بورڈ اجلاس میں پیش کردی گئی ہے۔ یہ تجویز چیف فنانشل آفیسر کی جانب سے بورڈ کے سامنے رکھی گئی، تاہم تنخواہوں میں اضافے کی حتمی منظوری کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد میں پی آئی اے بورڈ کا اجلاس چیئرمین بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انوار علی حیدر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں قومی ایئرلائن کے آپریشنز، فضائی بیڑے میں اضافے اور دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف فنانشل آفیسر نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا باقاعدہ پروپوزل پیش کیا۔ تاہم اضافے کی شرح اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
بورڈ اجلاس میں نئے کیبن کریو کی بھرتی اور ان کے لیے ڈریس کی منظوری سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں اضافے کے لیے دو نئے بوئنگ طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کے معاملے پر بھی بورڈ کو بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں طیاروں کی لیزنگ سے متعلق معاملات جلد مکمل کیے جاسکتے ہیں۔
اجلاس میں گراؤنڈ کیے گئے بوئنگ طیاروں کو مرمت اور ضروری مینٹیننس کے بعد دوبارہ آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے درکار پرزہ جات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق فنڈز ملنے کے بعد قومی ایئرلائن نے ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی ہیں۔
پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کے بعد بینکوں کی جانب سے بھی قومی ایئرلائن کے لیے قرضے کی منظوری دی گئی ہے۔ ان اقدامات کے بعد ادارے کے مالی اور انتظامی معاملات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











