سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے، جسے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ ترامیم میں بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اور پولیس کے ساتھ رابطے سے متعلق اہم تجاویز شامل ہیں۔
مجوزہ ترمیمی بل کے تحت اگلے بلدیاتی انتخابات تک میئر کراچی اور چیئرمینز بطور ایڈمنسٹریٹر کام کرتے رہیں گے۔
مسودے میں یونین کمیٹی کے چیئرمینز کو اپنے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرکے متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ذمہ داری دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مجوزہ ترامیم کے مطابق سندھ بھر میں تھانوں کے ایس ایچ اوز بلدیاتی نمائندوں سے رابطے میں رہیں گے۔ اس کا مقصد مقامی سطح پر عوامی تحفظ، امن و امان اور پولیسنگ کے معاملات میں رابطے کو بہتر بنانا ہے۔
ترمیمی مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ مؤثر پولیسنگ کے لیے ایس ایس پی ضلعی کونسل کے چیئرمین یا متعلقہ کارپوریشن کے میئر سے رابطہ کرنے کا پابند ہوگا۔
اسی طرح تھانے کا ایس ایچ او مقامی عوامی تحفظ اور امن و امان سے متعلق معاملات پر متعلقہ یونین کمیٹی کے چیئرمین سے رابطے میں رہے گا۔
مجوزہ ترامیم کے ذریعے بلدیاتی نمائندوں اور پولیس کے درمیان رابطے کا نظام مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم ان تمام تجاویز کی حتمی منظوری سندھ اسمبلی سے منظوری کے بعد ہوگی۔