بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

معطل ڈرائیونگ لائسنس کے باوجود گاڑی چلانے پر مقدمہ درج ہوگا

09 ستمبر, 2026 08:58

لاہور ٹریفک پولیس نے معطل ڈرائیونگ لائسنس کے باوجود گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے افراد کے خلاف صرف چالان نہیں کیا جائے گا بلکہ باقاعدہ فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق جان لیوا اور شدید نوعیت کے حادثات میں ملوث 146 ڈرائیوروں کے لائسنس پہلے ہی معطل کیے جاچکے ہیں۔ ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ لائسنس معطل ہونے کے بعد دوبارہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور سنگین حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کا لائسنس کم از کم ایک سال تک معطل رہ سکتا ہے۔ جان لیوا حادثات کی صورت میں لائسنس کی معطلی یا منسوخی سے متعلق حتمی فیصلہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق ہوگا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبد الرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہر میں غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ معطل لائسنس کے باوجود گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے قانونی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ضروری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔