اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی کی حمایت

اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ نے فلسطین کے معاملے پر مشترکہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات روکنے کے برطانوی فیصلے کی حمایت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ترک ہم منصب حاقان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے فلسطین کے معاملے پر اپنے مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات روکنے سے متعلق برطانوی فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں پر تجارتی پابندیاں لگا دیں
اس کے ساتھ ہی پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے مشترکہ اعلامیے کی بھی توثیق کی۔
دوران گفتگو اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے علاقائی امور پر قریبی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ریجنل فور (آر 4) فریم ورک کے ذریعے مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بالمشافہ ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












