پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا اسکلڈ ورکر ویزا، شرائط اور درخواست کا طریقہ

برطانیہ نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ عمل میں بڑی آسانی کردی
پاکستانی شہریوں کے لیے برطانیہ کے اسکلڈ ورکر ویزا سے متعلق اہلیت، شرائط اور درخواست کے طریقہ کار کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اسکلڈ ورکر ویزا حاصل کرنے کے لیے امیدوار کے پاس برطانیہ کے ہوم آفس سے منظور شدہ آجر کی جانب سے باقاعدہ ملازمت کی پیشکش اور سرٹیفیکیٹ آف اسپانسرشپ ہونا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ امیدوار کی ملازمت متعلقہ منظور شدہ پیشوں کی فہرست میں شامل ہونی چاہیے، جبکہ مقررہ کم از کم تنخواہ کے معیار پر پورا اترنا اور انگریزی زبان میں مطلوبہ مہارت رکھنا بھی لازمی ہے۔
اسکلڈ ورکر ویزا عموماً زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ ویزا ہولڈر شرائط و اہلیت برقرار رہنے کی صورت میں اس میں توسیع کرا سکتا ہے۔ مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد دیگر شرائط پوری ہونے کی صورت میں مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کا راستہ بھی موجود ہے۔
اس ویزا کے تحت اہل افراد اپنے شریکِ حیات اور بچوں کو بھی برطانیہ منتقل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، تاہم اہلِ خانہ کے لیے الگ امیگریشن شرائط لاگو ہوسکتی ہیں۔
درخواست دینے کا عمل آن لائن مکمل کیا جاتا ہے اور امیدوار ملازمت شروع ہونے کی تاریخ سے تین ماہ قبل ویزا درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ برطانیہ سے باہر سے دی گئی درخواست پر فیصلہ عموماً تین ہفتوں میں، جبکہ برطانیہ کے اندر سے دی جانے والی درخواست پر تقریباً آٹھ ہفتوں میں کیا جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں اضافی فیس کے عوض تیز رفتار سروس بھی دستیاب ہوتی ہے۔
اسکلڈ ورکر ویزا حاصل کرنے والے افراد کو برطانیہ میں قانونی ملازمت اور تعلیم کے ساتھ بیرونِ ملک سفر اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے۔ تاہم اس ویزا کے تحت عام طور پر زیادہ تر سرکاری مالی معاونت، یعنی پبلک فنڈز، حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
درخواست دینے سے قبل امیدواروں کو موجودہ ویزا شرائط، تنخواہ کے تقاضوں، منظور شدہ پیشوں اور دیگر امیگریشن قوانین کی تازہ ترین تفصیلات ضرور چیک کرنی چاہئیں، کیونکہ برطانیہ کے امیگریشن قواعد میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












