کراچی میں 14 اور 15 ستمبر کو موسلا دھار بارش کا امکان

Karachi weather forecast June heat or rain possible
محکمہ موسمیات نے کراچی میں 14 اور 15 ستمبر کو تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال یا بحیرۂ عرب میں بننے والا نیا موسمیاتی نظام بتدریج ڈپریشن کی شکل اختیار کر رہا ہے، جس کے باعث آئندہ ہفتے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی نظام کے زیرِ اثر 14 اور 15 ستمبر کو کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور شدید بارش متوقع ہے۔ اگر یہ نظام ساحلی علاقوں کے قریب پہنچ کر مزید مضبوط ہوا تو مختصر وقت میں ہونے والی شدید بارش شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہے۔
شدید بارش کی صورت میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بجلی کی فراہمی میں خلل جیسے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مذکورہ موسمیاتی نظام کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ چونکہ مون سون کے آخری مرحلے میں بننے والے سسٹمز کی سمت اور شدت میں تیزی سے تبدیلی آسکتی ہے، اس لیے 14 اور 15 ستمبر کی صورتحال کے حوالے سے فی الحال حتمی اور یقینی پیشگوئی جاری نہیں کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران جاری ہونے والی تازہ موسمیاتی اطلاعات اور حتمی ایڈوائزری پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










