اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد پہنچیں گے، امیر جماعت اسلامی کا اعلان

13 ستمبر, 2026 14:32

حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی عوام پر بھتہ ٹیکس ہے، مطالبات کی منظوری کے لیے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور ملک میں جاری بدترین سرمایہ دارانہ نظام کو عوام کے استحصال کی جڑ قرار دیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آج تیمرگرہ جا رہے ہیں، جہاں ایک بڑا دھرنا منعقد کیا جا رہا ہے، اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دھرنوں میں عوام کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا پیٹرول کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں اور عوام نے اس لیوی کو سرے سے بھتہ ٹیکس قرار دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مافیائی سسٹم کے تحت چند مخصوص افراد کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے اور عام عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ حکومت کے پاس ان عوامی سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک ایسا ایلیٹ گروپ اور مافیا موجود ہے جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ شوگر مافیا چینی کی برآمد کر کے ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور پھر اسے مہنگے داموں خود ہی درآمد کرتا ہے، جو کہ ایک کھلا ڈرامہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دہشتگردی کی ہر شکل کا خاتمہ ناگزیر ہے، پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار

انہوں نے کہا کہ کسانوں سے گندم 2200 یا 2000 روپے فی من خریدی جاتی ہے اور بعد میں وہی گندم 4000 یا 5000 روپے من فروخت کی جاتی ہے اور اس تمام چکر بازی کے پیچھے ایک ہی مافیا کا ہاتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تمام فراڈ میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سبھی شامل ہیں کیونکہ یہ پارٹیاں اس مافیا کے خلاف کبھی زبان نہیں کھول سکتیں۔

رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک خاص طبقہ ہم پر سوار ہو کر ہماری قسمت کے فیصلے کرتا ہے۔ حکومت کو ہر صورت پیٹرولیم لیوی ختم کرنا ہو گی۔ پاکستان کا اسٹیٹ بینک اگر اسٹیٹ کے اندر اسٹیٹ بن چکا ہے تو یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا سیکیورٹی رسک ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 20 ستمبر کو چاروں طرف سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ حکومت کوئی ایڈوانچر کرنے کی کوشش نہ کرے ورنہ اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ٹاؤٹس کو اس احتجاج سے تکلیف ہو رہی ہے، لیکن تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس لیا جارہا ہے اور جاگیرداروں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت نے اگر ٹال مٹول سے کام لیا تو وہ مذاکرات ختم کر دیں گے، اور اگر پی ٹی آئی نے اے پی سی میں بلایا تو ضرور جائیں گے کیونکہ وہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔