اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں کارروائی، فتنہ الخوارج کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

13 ستمبر, 2026 14:40

کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد قاری ضیاءالرحمٰن کو ہلاک کر دیا۔

کراچی کے علاقے گلبائی شیر شاہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک انتہائی خطرناک اور مطلوب دہشتگرد کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ مشترکہ کارروائی رینجرز اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کا کارندہ ہلاک ہو گیا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت قاری ضیاءالرحمٰن عرف قاری سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ سے تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشتگرد پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور کے کیمپوں پر ہونے والے متعدد ہولناک حملوں میں براہ راست ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے انتہائی مطلوب تھا۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، ایک ماہ کے بچے کا ہاتھ کاٹنا پڑ گیا

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس نے 2006 میں فتنہ الخوارج کے قاری درویش عرف باندی وان گروہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور باجوڑ میں واقع ٹریننگ کیمپ سے دہشتگردی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی۔ وہ 2006 سے 2008 تک کمانڈر مولوی فقیر محمد کے خفیہ ٹھکانوں پر پکٹ ڈیوٹی بھی کرتا رہا ہے۔

دہشتگرد قاری ضیاءالرحمٰن سال 2007 میں اپنے دیگر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ رکشا کے ذریعے باجوڑ میں واقع پاکستان آرمی کے کیمپ پر ہونے والے حملے میں بھی پیش پیش رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ اس نوعیت کے دیگر کئی حملوں کا بھی ماسٹر مائنڈ تھا۔

سال 2012 میں جب سیکیورٹی فورسز کی طرف سے بھرپور آرمی آپریشن شروع کیا گیا تو یہ دہشتگرد فرار ہو کر افغانستان روپوش ہو گیا تھا۔

افغانستان جانے کے بعد اس نے بندھار درا اور ننگرہار میں واقع ایک اور دہشتگرد کیمپ سے جنگجوئیت کی مزید تربیت حاصل کی اور اس کے بعد افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی سیکیورٹی پوسٹوں پر ہونے والے متعدد حملوں میں سرگرم رہا۔

ذرائع کے مطابق یہ خطرناک دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے خفیہ راستوں کے ذریعے کراچی پہنچا تھا اور شہر کے مختلف حساس مقامات پر بڑی دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کے لیے اپنے مذموم نیٹ ورک کو دوبارہ منظم کر رہا تھا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے اس کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔