پیرس کے انٹرنیشنل فوڈ فیسٹیول میں پاکستانی کھانوں نے دھوم مچا دی

پیرس کے تاریخی مقام پر منعقدہ انٹرنیشنل فوڈ کلچرل فیسٹیول میں پاکستانی کھانوں نے غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کھینچ لی، پاکستانی ذائقوں نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشہور اور تاریخی مقام پلاس دے لا کونکورڈ پر دنیا بھر کی ثقافتوں اور کھانوں کے رنگ بکھیرنے والے ایک بڑے بین الاقوامی فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا ہے۔
دنیا بھر سے دارالحکومت میں آنے والے شہریوں اور سیاحوں کو ایک ہی چھت کے نیچے مختلف ممالک کے روایتی کھانوں، ثقافت اور فنون سے روشناس کرانے کے لیے دنیا کے 73 ممالک کی طرف سے خصوصی اسٹالز لگائے گئے تھے۔
فیسٹیول میں شریک ہر ملک نے اپنے روایتی کھانوں کے منفرد ذائقوں کے ساتھ ساتھ اپنی تہذیبی اقدار اور ثقافتی رنگوں کو بھی نہایت خوبصورتی سے دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردی کی ہر شکل کا خاتمہ ناگزیر ہے، پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار

اس عالمی میلے میں پاکستان کا اسٹال شرکاء اور غیر ملکی سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں پاکستانی نوجوان بلال اشرف نے شاندار انداز میں روایتی پاکستانی کھانوں کے ذریعے ملک کی بھرپور نمائندگی کی۔
پاکستانی بریانی، چٹ پٹے کباب اور دیگر لذیذ پکوانوں کی دلکش خوشبو نے میلے میں موجود ہزاروں غیر ملکیوں اور سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیا۔
جن لوگوں نے بھی پاکستانی کھانوں کا ذائقہ چکھا، انہوں نے نہ صرف کھانوں کی دل کھول کر تعریف کی بلکہ پاکستانی روایتی ذائقے کی بھرپور داد بھی دی۔
میلے کے دوران روایتی کھانوں کے ساتھ ساتھ دلکش موسیقی، روایتی رقص اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس سے شرکاء کو دنیا بھر کی تہذیبوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
فیسٹیول میں شریک غیر ملکی سیاحوں اور مقامی افراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کھانوں کو سراہا اور ان سے لطف اندوز ہونے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










