اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

کراچی میں اسلحہ لائسنس کے معاملات کئی ماہ سے تعطل کا شکار، شہری پریشان

14 ستمبر, 2026 14:06

کراچی میں ہوم ڈپارٹمنٹ میں اسلحہ لائسنس سے متعلق مختلف امور کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلحے کی خریداری کی انٹری، نئے اور ڈپلی کیٹ لائسنس کے اجرا سمیت دیگر معمول کے معاملات بھی بروقت مکمل نہیں ہو رہے۔

اسلحہ لائسنس کی بک کی پرنٹنگ کا عمل بھی کئی ماہ سے زیر التوا ہے۔ اس صورتحال کے باعث لائسنس کے منتظر شہری بار بار ہوم ڈپارٹمنٹ کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

ہوم ڈپارٹمنٹ میں دفتری کام کے لیے بنیادی سہولیات موجود ہونے کے باوجود امور کی سست روی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شکایات سامنے آئی ہیں کہ متعلقہ شعبے میں کرسی، کمپیوٹر اور دیگر دفتری سہولیات تو موجود ہیں، تاہم متعلقہ عملہ کئی مواقع پر موجود نہیں ہوتا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس سے متعلق معمول کے کاموں کے لیے بھی کئی کئی ماہ انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ نئے لائسنس کے اجرا کے ساتھ ساتھ ڈپلی کیٹ لائسنس اور اسلحے کی خریداری سے متعلق انٹری کا عمل بھی متاثر ہونے کی شکایات ہیں۔

ہوم ڈپارٹمنٹ میں عام شہریوں کے داخلے کے حوالے سے بھی مشکلات کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق متعلقہ امور کی معلومات حاصل کرنے اور اپنے زیر التوا معاملات کی پیش رفت جاننے کے لیے انہیں مناسب رہنمائی نہیں مل رہی۔

اس صورتحال پر شہریوں نے صوبائی وزیر داخلہ سندھ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اسلحہ لائسنس سے متعلق زیر التوا امور کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور متعلقہ عملے کی حاضری اور دفتری نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔