یو اے ای میں ویزا ختم یا منسوخ ہونے پر پاکستانی کیا کریں؟ قانونی قواعد جاری

UAE Refuses to Issue Visas to 9 Countries — Is Pakistan on the List?
دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا یا ورک پرمٹ ختم یا منسوخ ہونے کی صورت میں قیام سے متعلق قانونی قواعد و ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔
بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان کے مطابق ویزا یا ورک پرمٹ منسوخ ہونے کے بعد کسی فرد کو غیر معینہ مدت تک متحدہ عرب امارات میں قیام کی اجازت نہیں ہوتی۔ تاہم اماراتی قوانین کے تحت ویزا ختم یا منسوخ ہونے کی صورت میں متاثرہ افراد کو مخصوص گریس پیریڈ دیا جاتا ہے، تاکہ وہ اپنی آئندہ قانونی حیثیت کا فیصلہ کرسکیں۔
ویزا ختم ہونے کے بعد کتنی مہلت ملتی ہے؟
اعلامیے کے مطابق گریس پیریڈ ویزا کی نوعیت اور کیٹیگری کے لحاظ سے مختلف ہوسکتا ہے۔ یہ مدت عموماً 30 دن سے لے کر 180 دن تک ہوسکتی ہے۔
اس دوران متاثرہ شخص کے پاس قانونی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے مختلف راستے موجود ہوتے ہیں۔ وہ نیا روزگار تلاش کرکے قانونی طریقہ کار کے تحت نیا ورک پرمٹ اور ویزا حاصل کرسکتا ہے یا تمام ضروری تقاضے پورے کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر متحدہ عرب امارات سے روانہ ہوسکتا ہے۔
غیر قانونی قیام پر کیا کارروائی ہوسکتی ہے؟
حکام نے خبردار کیا ہے کہ درست ورک پرمٹ اور ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ کے بغیر ملازمت کرنا یا مقررہ گریس پیریڈ ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر قیام کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
ایسی صورت میں متعلقہ فرد کو بھاری جرمانے، حراست، ملک بدری اور مستقبل میں متحدہ عرب امارات میں دوبارہ داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستانی شہری کیا احتیاط کریں؟
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ویزا یا ورک پرمٹ کی صورتحال کے حوالے سے درج ذیل اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے:
- ویزا اور ورک پرمٹ کی منسوخی یا اختتام کی حتمی تاریخ تحریری طور پر معلوم کریں۔
- پاسپورٹ، امارات آئی ڈی، ملازمت کے معاہدے اور پے سلپس سمیت تمام ضروری دستاویزات کا ریکارڈ محفوظ رکھیں۔
- کسی نئے آجر کے محض زبانی وعدے پر ملازمت شروع نہ کریں۔
- زیر کفالت اہل خانہ کے ویزوں کی قانونی حیثیت بھی بروقت چیک کریں۔
- گریس پیریڈ ختم ہونے سے قبل نئی قانونی حیثیت حاصل کرنے یا ملک سے روانگی کے لیے ضروری اقدامات مکمل کریں۔
آن لائن قانونی اسٹیٹس کیسے چیک کریں؟
اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹیٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی نے آن لائن اسمارٹ سروس فراہم کر رکھی ہے۔
اس سروس کے ذریعے افراد اپنے پاسپورٹ کی معلومات، امارات آئی ڈی یا فائل نمبر استعمال کرکے اپنے ویزا کی موجودہ حیثیت اور دستیاب گریس پیریڈ سے متعلق معلومات سرکاری پورٹل پر چیک کرسکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ ویزا یا ورک پرمٹ ختم ہونے کی صورت میں فوری طور پر اپنی قانونی حیثیت کی تصدیق کریں اور مقررہ مہلت کے اندر نئی قانونی حیثیت حاصل کریں یا ملک سے باقاعدہ طور پر روانہ ہوجائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










