اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

کراچی: سفاری پارک کی ہتھنی مدھوبالا کی حالت تشویشناک، کرین کی مدد سے کھڑا رکھنے کی کوشش

15 ستمبر, 2026 14:54

کراچی کے سفاری پارک میں موجود ہتھنی مدھوبالا کی حالت تشویشناک ہوگئی، جو پیر کی صبح اچانک زمین پر گر گئی۔

سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق مدھوبالا کو کھڑا رکھنے کے لیے کرین کی مدد لی جارہی ہے، جبکہ اس کی طبی حالت کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔

ڈائریکٹر سفاری پارک کے مطابق مدھوبالا کی دائیں پچھلی ران پر سوجن ہے، جس کے باعث وہ دائیں پچھلی ٹانگ استعمال نہیں کرپارہی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدھوبالا کی موجودہ طبی صورتحال جانچنے کے لیے ایکسرے، خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے تاکہ اس کی بیماری اور کمزوری کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔

سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق مدھوبالا ٹی بی اور پاؤں کے انفیکشن کا علاج مکمل کرچکی ہے، تاہم اس وقت اسے ٹانگ میں سوجن اور شدید کمزوری کا سامنا ہے۔

سینئر ویٹرنری ڈاکٹر نے مدھوبالا کی موجودہ حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال جان لیوا ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق ہتھنی کی مسلسل کمزوری اور معذوری جسم کے دیگر اعضاء کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔

مدھوبالا کو نومبر 2024 میں اس کی بہنوں سونیا اور ملیکا کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔

تاہم سفاری پارک منتقلی کے تقریباً ایک ماہ بعد مدھوبالا کی بہن سونیا ہلاک ہوگئی تھی، جس کے بعد مدھوبالا اور ملیکا سفاری پارک میں رہ گئی تھیں۔

انتظامیہ کی جانب سے مدھوبالا کی طبی حالت بہتر بنانے کے لیے علاج اور ضروری طبی معائنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔