پہاڑ پور میں نہر میں شگاف پڑنے کے بعد افواجِ پاکستان کی بروقت امدادی و ریلیف کارروائیاں

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں چشمہ رائٹ بینک کینال میں شگاف پڑنے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے پیش نظر افواج پاکستان کی جانب سے فوری امدادی اور ریلیف سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نہر میں شگاف پڑنے کے وقت تقریباً 3 ہزار 800 کیوسک پانی بہہ رہا تھا، جس کے باعث نہر میں تقریباً 100 سے 150 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔
شگاف کے نتیجے میں نہر کا پانی قریبی دیہات اور آبادیوں میں داخل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کیے گئے۔
افواج پاکستان کے دستے فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچ گئے اور آبادی کے انخلا سمیت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
پہاڑ پور کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے دو ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
اس کے علاوہ مویشیوں اور دیگر جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچایا جاسکے۔
پاک فوج کے جوان متاثرہ آبادی کے انخلا، ریلیف سرگرمیوں اور دیگر ہنگامی اقدامات میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مصروف عمل ہیں۔
نہر میں شگاف کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے اور قریبی آبادیوں کو ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











