اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

24 پی ٹی آئی رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم

15 ستمبر, 2026 10:29

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ اگلے احکامات تک بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسد قیصر، شیرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی اور ڈاکٹر امجد علی سمیت دیگر رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت کی۔

عدالتی حکم کے مطابق جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمرزئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ملزمان ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے فروغ سمیت سنگین نوعیت کے الزامات عائد ہیں۔

حکمنامے کے مطابق ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے، جبکہ جن افراد نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، وہ بھی مقدمے کی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی کہ اگلے احکامات تک مذکورہ ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں۔

واضح رہے کہ مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔