پنجاب کے اسکولوں میں خراب امتحانی نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے نویں جماعت کے خراب امتحانی نتائج پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کی کارکردگی کو نتائج سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج پر اظہار برہمی کرتے ہوئے نویں جماعت کے 20 فیصد سے کم رزلٹ پر فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
اجلاس میں خراب امتحانی نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی اور نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ اور طلباء کے امتحانی نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی سہولت، 10 سے زائد سرکاری خدمات ایک ایپ پر دستیاب
لاہور میں ہر کلاس میں ماہانہ اور سالانہ امتحان شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے آئندہ ہفتے مکمل ٹائم لائن اور ریفارمز پلان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہترین نتائج کے حامل اسکولوں کے لیے انعامات کی ہدایت کی ہے اور سرکاری اسکولوں میں طلبا کے لیے ایوننگ کوچنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پڑھائی میں کمزور طلبا کو اسکول سے نکالنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ مریم نواز نے 45 روز میں ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں پر کرنے اور سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اسکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ پوائنٹ اسکورنگ سے بات نہیں بنے گی بلکہ اسکولوں میں بہتری لانا ہوگی اور اساتذہ کی محنت طلبا کے رزلٹ میں نظر آنی چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











